سی پیک پر اب تک 26 ارب ڈالر خرچ کرچکے، چینی قونصل جنرل

25 ستمبر ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ) لاہور میں چین کے قائمقام قونصل جنرل مسٹر کائو کے نے کہا ہے کہ پاک چین سوتی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔ چین پاکستان میں سی پیک منصوبے پر اب تک 26 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں چین اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، ہماری آہنی دوستی ہے۔ چین پاکستان کو علاقائی سفارتکاری میں سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ چین اور پاکستان سی پیک منصوبے کی تعمیر کے لئے دوستی ، تعاون ، سٹرٹیجک ہم آہنگی اور گہرے مضبوط تعلقات کا پرچم ہمیشہ بلند رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں چین کی آزادی کی 74ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ ، گورنر پنجاب ، خورشید محمود قصوری ، نگراں وزراء عامر میر ، ڈاکٹر جاوید اکرم ، لاہور میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر اور ترکی کے قونصل جنرل درمس بستوگ اورپاک چائینہ تھنک ٹینک آئی آئی آر ایم کے چئیرمین محمد مہدی، صنعتکاروں ، کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے اہم بزنس مینوں سمیت پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کےاعلی عہدیداروں اور انجنئیرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔