چیئرمین یا پارٹی کے بغیر الیکشن غیر آئینی ہوںگے، کاکڑ بیان کی وضاحت کریں، پی ٹی آئی

25 ستمبر ، 2023

اسلام آباد،لاہور (خبر نگار،خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے بغیر کوئی بھی الیکشن غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہو گا ، عوام ایسا الیکشن ہر گز قبول نہیں کریں گے۔ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔ پی ٹی آئی ترجمان نے تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے ، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے ، مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق عمران خان بلا شرکت غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں ، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی ، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہو گا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں۔ دستور ، قانون ، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری ، غیرجمہوری اور غیر آئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔