آنکھوں کو متاثر کرنیوالا انجکشن مارکیٹ سے اٹھایا لیا گیا، سپلائر کیخلاف مقدمہ

25 ستمبر ، 2023

لاہور،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )نگران وفاقی وزیر صحت ندیم جان نے کہا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ انجیکشن، جو مبینہ طور پر پنجاب میں متعدد مریضوں کی بینائی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنا ہے، مارکیٹ سے واپس منگوا لیا گیا ہے جبکہ سپلائرز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔پنجاب کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان، قصور، لاہور اور صادق آباد سے رپورٹس موصول ہوئی ، اس انجیکشن پر بھاری منافع بھی کمایا جا رہا تھا 5 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو 3 روز میں رپورٹ پیش کرے گی،تحقیقات کے بعد قانون کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی ،انجیکشن درآمد کرنے کے لائسنس، تقسیم کے عمل اور انجیکشن لگانے والے ڈاکٹروں کے اہلیت کے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں ۔ دوسری ٍجانب محکمہ صحت کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی تحقیقات جاری ہے،جبکہ معاملہ پرمحکمہ صحت کی مدعیت میں 2 ملزمان نوید عبداللہ اور بلال رشید کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ،ایف آر کے مطابق ملزم نوید غیر قانونی پر تیار کردہ انجیکشن مختلف آئی کلینکس پر سپلائی کرتا تھا،محکمہ صحت کے چھاپہ میں ملزم نوید فرار ہو گیا ، جبکہ نجی ہسپتال کو سیل کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق انجیکشن لاہور ایک نجی ہسپتال کے تیسرے فلور پر فارمیسی میں تیار کیا جا رہا تھا۔ذرائع ڈرگ کنٹرولرآفس کے مطابق سب سےزیادہ متاثرہ مریض ملتان میں سامنےآئے۔جہاں متاثرہ مریض سامنےآئےوہاں ملزم نوید انجکشن سپلائی کرتاتھا۔