آشوب چشم، متاثرہ افراد کی تعداد3065 ،سکولوں میں چھٹیوں پرغور

26 ستمبر ، 2023

لاہور ( جنرل رپورٹر ) لاہور اور دیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے محکمہ صحت کے ذرائع کےمطابق لاہورشہر میں ابتک آشوب چشم کے وائرس سے 3065 کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں ، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 186 مریض متاثر ہوئے ہیں پنجاب بھر میں ابتک آشوب چشم سے49,383 مریض متاثر ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر کے 1084 مریض متاثر ہوئے۔گزشتہ روز نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ذرائع کےمطابق محکمہ صحت نے بچوں کو وائرس سے بچانے کیلئے سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے ۔