سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھائو: بیشتر کمپنیوں میں اضافہ رہا

26 ستمبر ، 2023

لاہور (سودی) نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ اتار چڑھائو کا شکار رہی، آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ تھا جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت میں کمی رہی، مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھر مندا بھی آیا اور اس کے بعد شروع ہونے والا اتار چڑھائو آخر تک جاری تھا۔ اس دوران انڈیکس میں 169پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 115پوائنٹ کی کمی بھی۔ گزشتہ روز کاروباری حجم میں معمولی اضافہ بھی تھا جبکہ بڑے پلیئرز زیادہ تر سائیڈ لائن ہی رہے اور انہوں نے کوئی پوزیشن لینے سے گریز کیا۔ مارکیٹ پر اثرانداز ہونیوالے مثبت عناصر میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں مزید اضافہ، نجکاری کے عمل میں پیش رفت، وزیراعظم کی طرف سے بیرونی سرمایہ کاری آنے کا عندیہ اور پرافٹ ٹیکنگ کے پریشر میں کمی تھی جبکہ منفی اثر انداز ہونیوالے عناصر میں آٹو سیکٹر کی ایک کمپنی کی طرف سے مایوس کن مالیاتی نتائج کا اعلان، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ، ملک میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ شامل تھے۔ گزشتہ روز بینکوں، بروکروں اور انشورنس کمپنیوں کی نیٹ سیل تھی جبکہ نجی سرمایہ کاروں، کمپنیوں، میوچل فنڈز اور بیرونی سرمایہ کاروں نے نیٹ خریداری کی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 27پوائنٹ کم ہو کر 46394پر آ گیا۔ 168کمپنیوں میں اضافہ، 134میں کمی اور 24میں استحکام رہا۔ 19کروڑ 56لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔