سیاسی ڈائری،شاہد خاقان کا اپنی جماعت کی سیاست پر عدم اطمینان کااظہار

26 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپنی جماعت کی سیاست کےبارے میں عدم اطمینان کااظہار کردیا ہے اور ر ائے ظاہر کی ہے کہ شہباز حکومت میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت اور وہ رفتاردکھائی نہیں دی جواسے اختیارکرنا چاہئے تھی ماقبل کی حکومت نے تین سال آٹھ ماہ تک فیصلے نہیں کئے مسلم لیگ نون کرلیتی وہ ایسا نہ کرسکی اس میں قصور وار محض شہباز شریف نہیں ہم سب ہیں۔ ان کا کہنا ہےکہ وہ مسلم لیگ نون کی سیاست سے مطمئن نہیں ہیں ان کا مشورہ ہے کہ راستے کا تعین کریں اور پھر انتخابات میں جایا جائے ایسا نہ کیا گیا تو انتخابات انتشار کے سوا کچھ نہیں د یں گے۔ شاہد خاقان عباسی متحرک سیاستدان ہیں اور حالیہ برسوں میں سیاسی دانشور کےطورپربھی قومی منظر پر ابھرے ہیں وہ سیاسی لحاظ سے بےچین روح ہیں انہیں گمان گزرتاہے کہ وہ اپنی نئی سیاسی جماعت کی تشکیل دیدیں پاکستان مسلم لیگ نون کی قیادت کےخلاف بغاوت کرنے کے بعد وہ اپنی آواز ضرور بلند کرتے آئے ہیں وہ یہ بتانے اور اپنے رفقا کو اس پر قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ پیش آمدہ سیاسی ماحول کوکیونکر قابل اعتنا بنایا جاسکتاہے وہ جس فلسفیانہ ماحول کوملکی سیاست میں پیدا کرنے کے خواہاں ہیں وہ افسانوی درجہ رکھتا ہے پاکستان جیسے معاشرے میں افراد کی تربیت کے بغیرنتائج کے حصول کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔