905 کی بجائے 46 کمپنیاں پاکستان سے حج آپریشن چلائیں گی

26 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے کہ اگلے سال سرکاری حج کا دورانیہ 45 روز سے کم کرنے کی تجویز ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روزسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کےاجلاس کو بتائی ۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی نے سعودی عرب کی جانب سے لکھے گئے حالیہ خط پر غور کیا جس میں پاکستان کے حج آپریٹرز کی تعداد 905 سے کم کرکے 46 کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔نگران وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بتایا کہ سعودی حکومت نے دو ٹوک فیصلہ کیا ہے کہ صرف 46 کمپنیاں ہی پاکستان سے حج آپریشن چلائیں گی۔سینیٹر مولانا عبدالکریم کا کہنا تھا 905 کمپنیوں کو 46کمپنیوں میں تبدیل کرنے سے مسائل تو ہونگے، سینیٹر مولانا فیض محمد نے کہا کہ ہمیں سعودی عرب کے ساتھ بات کرکے مسئلہ حل کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کوفیصلے پر نظرثانی کا کہا مگر وہ نہیں مانے، قائمہ کمیٹی کے کہنے پر سعودی حکومت کو خط لکھ دیتے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے واٹس ایپ کال نہیں ہو سکتی، حکومت پاکستان سم دے گی جس میں 4000 روپے سے 45 روز تک مفت ویڈیو کال ہو سکے گی۔