شاہد خاقان نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اشارہ دیدیا

26 ستمبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اشارہ دے دیا، ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست سے مطمئن نہیں ہوں جنرل باجوہ رکاوٹ تھے تو حکومت چھوڑ دیتے ، راستے کا تعین کریں پھر الیکشن میں جائیں ورنہ الیکشن انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دے گا، پارٹی کا عہدیدار نہیں ہوں کسی مشاورت میں شامل نہیں ہوں ، نواز شریف وزیراعظم بنے تو میں خود کو وزیر نہیں دیکھتا۔آج ایک نئی جماعت کی ضرورت بھی ہے اور جگہ بھی ،پی ڈی ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر جنرل ریٹائرڈ باجوہ آپ کی حکومت پر رکاوٹ تھے تو حکومت چھوڑ دیتے، اس کے بعد بھی آپ کو 8سے 9مہینے ملے ،کام کر لیتے ،چیئرمین پی ٹی آئی نے تو اپنے دور میں ایک پیسے کا کام نہیں کیا ،لیکن ہم نے کیا کیا؟اس کی فہرست بھی چیک کر لیں ،وہ فیصلے نظر نہیں آئے جو ہونے چاہئے تھے ، میں نے کہا نا کہ عمران خان نے ایک پیسے کا کام نہیں کیا 3سال 8مہینے میں ،ہم نے کیا کام کئے ذرا اس کی بھی فہرست چیک کر لیں اور جو بندیال صاحب جاتے جاتے تحفہ دے گئے ہیں کہ نیب کو واپس پرانی شکل میں بحال کر دیا،پھر تو بالکل ہی کوئی کام نہیں ہوگا ۔