صوفیہ لورین کی کامیاب سرجری،گھر میں گرنے سے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی

26 ستمبر ، 2023

کراچی(نیوز ڈیسک)20ویں صدی کی لیجنڈ اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ اطالوی فلم اسٹار صوفیہ لورین جنیوا میں اپنے گھر میں گرگئیں، جس کے بعدان کی سرجری ہوئی۔ترجمان نے غیرملکی خبرساں ادارےکو بتایا کہ 89 سالہ صوفیہ لورین کا آپریشن کامیاب رہا اور اب انہیں آرام کرنے کی ضرورت ہے اوروہ جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔اطالوی میڈیا کے مطابق لیجنڈ اداکارہ اتوار کو جنیوا میں اپنے گھر میں حادثاتی طور پر گر گئی تھیں اور گرنے سے ان کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔اداکارہ کے گرنے اوراسپتال میں داخل ہونے کی خبریں سب سے پہلے صوفیہ لورین ریسٹورنٹ کے فیس بک پیج پر دی گئی تھیں۔پیج پرکہا گیاکہ وہ منگل کو باری شہر میں ایک نیااور اٹلی میں چوتھا ریسٹورنٹ کھولنے کا منصوبہ بنا رہی تھیں۔یاد رہے کہ صوفیہ لورین نے اپنے کیریئر میں دو آسکر ایوارڈ جیتے ،پہلا 1961 میں وٹوریو ڈی سیکا کی حقیقت پر مبنی کلاسک فلم لا سیوسیارا (دو خواتین) میں جنگ کے دوران ماں کی المناک تصویر کشی کے لیےجبکہ دوسرا 1991 میں کیریئر کا ایوارڈ تھا۔ان کی چند سب سے یادگار اور کامیاب فلمیں ساتھی اطالوی اداکار مارسیلو مستروئینی کے ساتھ تھیں، جن کا انتقال 1996 میں ہوا۔