غیرقانونی تعمیرات کیس: خاورمانیکا بیرون ملک فرار ہوتےگرفتار،2بیٹے بھی ملوث

26 ستمبر ، 2023

لاہور،اوکاڑہ ( نمائندگان جنگ ) خاورمانیکا کو غیرقانونی تعمیرات کیس میں بیرون ملک فرار ہوتےگرفتار کر لیا گیا کست میں ان کے 2بیٹے بھی ملوث ہیں،حویلی لکھا اوقاف قبرستان کی اراضی پرغیرقانونی طورپر 26دوکانیں ،شادی ہال بنا کر لاکھوں روپے کرایہ لے رہے تھے، تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے خاور فرید مانیکا کو10کروڑ سے زائد مالیت سرکاری رقبے پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ان کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کے ریفرنس پر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے بعد از انکوائری مقدمہ درج کیا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی جگہ پر غیر قانونی 26دوکانیں اور بغیر منظوری/ نقشہ 4 کنال اراضی پر شادی ہال تعمیر کر رکھا ہے۔ جن کی لاکھوں روپے ماہانہ آمدن ہے مگر حکومت کو کسی قسم کے ٹیکس کی ادائیگی نہ ہوتی ہے۔ خاور مانیکا پر یہ بھی الزام ہے کہ اسنے غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دکانوں کے پی ٹی ون جاری کروائے اور غیر قانونی طور پر بنائی گئی دوکانوں سے ابتک 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کرایہ وصول کیا۔ اینٹی کرپشن نے خاور فرید مانیکا کو ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر گرفتار کیا۔خاورفرید مانیکا کی گرفتاری کے لیے وارنٹ 14 ستمبر کو جاری ہوا تھا اور گزشتہ روز انکو لاہور سے گرفتار کرکے ساہیوال ریجن منتقل کردیا گیا ہے۔