کینیڈا میں سکھ تنظیم کی بھارتی سفارتی خانوں کے باہر احتجاج کی اپیل

26 ستمبر ، 2023

کراچی(نیوز ڈیسک) کینیڈا میں سکھوں کی تنظیم سکھ فار جسٹس نے گزشتہ روز اپنے اراکین سے کینیڈا کے اہم شہروں میں بھارتی سفارتی خانوں کے باہر احتجاج کی اپیل کی ہے۔کینیڈا میں سکھ فار جسٹس کے ڈائریکٹر جتندر سنگھ گریوال نے گزشتہ روز کہا کہ ان کی تنظیم ٹورنٹو، اوٹاوا اور وینکوور میں بھارتی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے باہر مظاہروں کی قیادت کرے گی تاکہ رہنما کے قتل کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم کینیڈا سے بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم اوٹاوا اور ٹورنٹو میں بھارت کے سفارتی نمائندوں نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ٹورنٹو پولیس ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ وہ منصوبہ بند مظاہروں سے آگاہ ہیں لیکن انہوں نے سیکیورٹی کی تیاریوں یا احتجاج کے دوران پیدا ہونے والی کسی بھی پرتشدد صورت حال کے ممکنہ ردعمل کی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔