پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے معاملات ریگولیٹ کرنے کا اختیار نہیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف خواجہ طارق اور ق لیگ کے جوابات جمع

26 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف خواجہ طارق رحیم اور مسلم لیگ (ق) کی جانب سے ایڈووکیٹ زاہد ایف ابراہیم نے بیانات سپریم کورٹ میں جمع کر دیئے جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کو سپریم کورٹ کے معاملات ریگولیٹ کرنے کا اختیار نہیں۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف کیس میں درخواست گزار راجہ عامر کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔ وکیل خواجہ طارق رحیم کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس کے اختیارات کی تقسیم کا قانون پریکٹس اینڈ پروسیجر کالعدم قرار دیا جائے، عدلیہ کی آزادی کے قانون میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ پارلیمنٹ کی عدالتی معاملات میں مداخلت اختیارات کی آئینی تقسیم کی خلاف ورزی ہے، پارلیمنٹ عام قانون سازی سے آرٹیکل 184/3 کے اختیار کا طریقہ تبدیل نہیں کر سکتی، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون سے عدالتی امور کی انجام دہی تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ درخواست گزار راجہ عامر کے وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا ہے کہ فل کورٹ 1980ء کے رولز میں ترمیم کر سکتی ہے، درخواست گزاروں کے قانون چیلنج کرنے کے حق پر بھی سوال اٹھایا گیا، درخواست گزاران میں وکلاء اور صحافی ہیں، جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر قانون چیلنج کر سکتے ہیں، ہائی کورٹس سپریم کورٹ سے متعلق قانون سازی دیکھنے کا فورم نہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ق نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔ق لیگ کی جانب سے ایڈووکیٹ زاہد ایف ابراہیم نے جواب جمع کرا دیا۔ جس میں کہاگیا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ عدلیہ کے اختیارات کے خلاف نہیں، قانون میں چیف جسٹس کے اختیار کو دو سینئر ججز کے ساتھ شیئر کیا گیا، قانون سے عدلیہ کے اختیار میں کمی نہیں اضافہ ہوا۔