وفاقی ترقیاتی پروگرام، 200 ارب روپے کم اور غیر اہم منصوبوں میں کٹوتی کی جائے، کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی بحالی

26 ستمبر ، 2023

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ، مہتاب حیدر ) کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی بحالی نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی ہےکہ 200ارب روپے سے 250ارب روپے تک وفاقی ترقیاتی پروگرام میں کمی لائی جائےاور غیر اہم اور صوبائی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں میں کٹوتی کی جائے ، کابینہ کمیٹی برائے اقتصادی بحالی کا اجلاس پیر کو ہوا ، سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز کی برآمدی شعبے بالخصوص ٹیکسٹائل کے برآمد کنندگان کو سستی بجلی فراہمی کی تجویز وفاقی وزیر توانائی نے مخالفت کی اور کہا کہ اس سے بجلی کے بلوں میں پہلے سے پسے عوام پر بوجھ مزید بڑھ جائے گا، وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے دونوں وزرا سے کہا کہ برآمد ی شعبے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کر نےکےلیے قابل عمل حل تلاش کریں اور اگر ضرورت پڑی تو وزیر خزانہ خود بھی ان کے ساتھ بیٹھ کر کام کریں گی اور اضافی سبسڈی دیئے بغیر آئندہ 24سے 48گھنٹوں میں قابل عمل حل پیش کیا جائے گا ، ، وزیر مواصلات ، وزیر میری ٹائم امور اور وزیر ریلوے نے کہا کہ افغانستان کی پاکستان کی کرنسی مارکیٹ تک رسائی ہے جس سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ریٹ پر دبائو آتا ہے، ، وزیر آئی ٹی و مواصلات نے آئی ٹی سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں وزیراعظم کے معاون خصوصی خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا اس وقت مہنگائی کی شرح بہت زیادہ ہے اور اس کی نگرانی کےلیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔