نواز شریف 21 اکتوبر کو ہی واپس آئیں گے، شہباز، بیرون ملک پارٹی رہنماؤں کو واپسی کی ہدایت

26 ستمبر ، 2023

لاہو(خصوصی نمائندہ) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف طے شدہ پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں،انشااللہ پوری قوم ان کا فقیدالمثال استقبال کرے گی۔ن لیگ نے بیرون ممالک موجود پارٹی رہنمائوں کو 3روز کے اندر وطن واپسی کی ہدایت کر دی ۔ انہوں نے تمام پارٹی رہنمائوں کے لئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 21اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریںاور اپنی تمام تر توجہ عوامی موبلائیزیشن پر دیں۔شہباز شریف نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) سے لندن میں ملاقات کے لئے تشریف لانے والے پارٹی رہنما بھی اپنے پروگرام کینسل کریں اور قائد مسلم لیگ (ن کے عظیم الشان استقبال کے لئے اپنے حلقوں میں وقت دیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پر کامیاب سیاسی پاور شو کے لئے لاہور سمیت تمام ڈویژنز کو ٹارگٹ سونپ دیئے ،ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 21اکتوبر کو پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں 10لاکھ کارکن لانے کے لئے تمام ڈویژنز کو ٹارگٹ بھی سونپ دیئے گئے ہیں ۔ مینار پاکستان کے گرائونڈ میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کے الگ الگ پنڈال بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا جس سے پارٹی رہنمائوں کی کارکردگی نمایاں ہو جائے گی،نواز شریف نے (ن) لیگ لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کو مینار پاکستان جلسے کا مرکزی کوآرڈینیٹر و منتظم نامزد کر دیا۔اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر وسابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے تمام سینیٹرز، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مقامی رہنما اپنی مکمل توجہ اور محنت قائد مسلم لیگ (ن) کے پاکستان میں استقبال کی تیاریوں میں صرف کریں۔ذرائع کے مطابق پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 18ستمبر کو ہونے والے تنظیمی اجلاس میں دی گئی ذمہ داریوں کو مکمل کرکے اسکی رپورٹس صدر پنجاب اور پارٹی آفس کو ارسال کی جائیں۔ راولپنڈی ڈویژن کے لیے خواجہ سعد رفیق کو ڈویژنل کوآرڈینیٹر، گوجرانوالہ کے لیے ملک احمد خان ،سرگودھا ڈویژن کے احسن اقبال فیصل آباد ڈویژن کے لیے خرم دستگیر کو، ساہیوال کے لیے میاں جاوید لطیف ،ملتان کے لیے سرداراویس خان لغاری اور بہاولپور کے لیے سردار ایاز صادق ، ڈی جی خان ڈویژن کے لیے طلال چوہدری جبکہ سعود مجید کو لاہور ڈویژن کاکوارڈنیٹر نامزد کیاگیا ہے۔