غیر قانونی تعمیرات کیس، خاور مانیکا بیرون ملک فرار ہوتے گرفتار 2 بیٹے بھی ملوث

26 ستمبر ، 2023

لاہور،اوکاڑہ ( نیوزرپورٹر،نمائندہ جنگ ) خاور مانیکا کو غیرقانونی تعمیرات کیس میں بیرون ملک فرار ہوتےگرفتار کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے خاور فرید مانیکا کو10کروڑ سے زائد مالیت سرکاری رقبے پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ان کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کے ریفرنس پر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے بعد از انکوائری مقدمہ درج کیا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی جگہ پر غیر قانونی 26دوکانیں اور بغیر منظوری/ نقشہ 4 کنال اراضی پر شادی ہال تعمیر کر رکھا ہے۔ جن کی لاکھوں روپے ماہانہ آمدن ہے مگر حکومت کو کسی قسم کے ٹیکس کی ادائیگی نہ ہوتی ہے۔ خاور مانیکا پر یہ بھی الزام ہے کہ اسنے غیر قانونی طور پر تعمیر شد ہ دکانوں کے پی ٹی ون جاری کروائے اور غیر قانونی طور پر بنائی گئی دوکانوں سے ابتک 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کرایہ وصول کیا۔ اینٹی کرپشن نے خاور فرید مانیکا کو ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر گرفتار کیا۔خاورفرید مانیکا ر گزشتہ روز انکو لاہور سے گرفتار کرکے ساہیوال ریجن منتقل کردیا گیا ہے۔اوکاڑہ سےنمائندہ جنگ وارث حیدری کے مطابق مقدمہ میں بشریٰ بی بی کے2بیٹے موسیٰ مانیکا اور ابراہیم مانیکا بھی ملزمان ہیں، خاور مانیکاکو جس مقدمہ میں گرفتار کیا گیا وہ تھانہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ کے اے ایس آئی بنیامین اقبال کی مدعیت میں 11اگست 2023کو درج کیا گیا، اراضی کا نہ تو حکومت کو کوئی ٹیکس اور نہ ہی محکمہ اوقاف کو معاوضہ ادا کیا گیا ہے،جس کی مالیت لاکھوں میں ہے،محکمہ اینٹی کرپشن ساہیوال کی مجاز اتھارٹی نے محکمہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ کے حکام کو انکوائری کو حکم دیا جس کے دوران معلوم ہوا کہ قصبہ حویلی لکھا (اوکاڑہ) میں محکمہ اوقاف کی وقف پراپرٹی کھیوٹ نمبر 72کھتونی نمبر231تا233قطعہ نمبر10میں کل رقبہ 33کنال6مرلے میں قبرستان کے کل رقبہ 13کنال 5مرلہ میں سے 10کروڑ20لاکھ41ہزار920روپے مالیت کے8کنال پر عملہ ریونیو،محکمہ اوقاف اور محکمہ ایکسائزنے ملی بھگت سے خاور مانیکا،اس کے بیٹوں موسیٰ مانیکا اور ابراہیم مانیکا کو قبضہ کروا دیا جس پر انہوں نے دوکانیں اورغیر قانونی شادی ہال بھی تعمیر کیا جس کی آمدن کی مد میں کوئی ادائیگی یا معاوضہ محکمہ اوقاف کو ادا نہیں کیا اورسرکاری خزانہ کو ایک کروڑ36لاکھ70ہزار880روپے کا نقصان پہنچایا گیاملزم خاور مانیکا اور اس کے بیٹوں نے4کنال اراضی پرمحمد حنیف،حماد رضا اور جواد رضا کو غیر قانونی قبضہ کروایا ہوا ہے،انکوائری ٹیم نے خاور مانیکا،اس کے بیٹوں موسیٰ مانیکا،ابراہیم مانیکا، ایکسائیز انسپکٹر اللہ نواز وٹو،محمد اشرف پٹواری،ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شفقت عباس کے خلاف اندراج مقدمہ کی سفارش کی ،رابطہ کرنے پر محکمہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ کے ڈپٹی ڈائیریکٹر ملک تصور نے ”جنگ“ کو بتایا کہ خاور مانیکا کو آج کو سینئر سول جج اوکاڑہ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، انکوائری کے دوران خاور مانیکا،اس کے بیٹوں کو نوٹس جاری کر کے بلایا گیا لیکن وہ خود پیش نہیں ہوئے