ناقص انجکشن، پنجاب میں متاثرین کی تعداد 77، سندھ میں خرید وفروخت پر پابندی

26 ستمبر ، 2023

لاہور ( جنرل رپورٹر،مانیٹر نگ ڈیسک )پنجاب میں اویسٹن انجکشن سے بینائی متاثرہونے والے افراد کی تعداد 77 ہوگئی۔پنجاب کے بعد سندھ میں بھی اویسٹنانجکشن کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ۔لاہور میں 25، ملتان میں 19، بہاولپور میں 17 اور قصور میں چار افراد کی بینائی متاثر ہوئی جبکہ انجکشن لگانے والوں میں لاہور کے 5، بہاولپور کے 4 اور ملتان کے 3 نجی کلینک شامل ہیں۔انجکشن کیس میں کوتاہی اور غیرقانونی غیر رجسٹرڈ کمپنی سے انجکشن کی فروخت پر پنجاب کے 6اضلاع کے 11 ڈرگ انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔انجکشن فراہم کرنے والے ایک ملزم کو ملتان سے گرفتار کر لیا گیا ۔دریں اثنامعطل ہونے والے ڈرگ کنٹرولر میں لاہور سے تین ، بہاولپور تین، جھنگ سے ایک ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا ۔اسی طرح رحیم یار خان سے دو قصور اور خانیوال سے ایک ایک ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا۔جبکہ پنجاب حکومت نے آنکھوں کی ادویات کی سپلائی مانیٹر کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ حکومت آنکھوں کی ادویات، انجیکشن کی سپلائی خود کرے گی اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔،ذرائع کےمطابق پنجاب حکومت آنکھوں کی ادویات، انجکشن کی فروخت کے لیے سخت قانون سازی پر غور کر رہی ہے۔پنجاب میں محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کی ٹیموں کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔نگران وزیر برائے پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب جمال ناصر نے میو اسپتال لاہور میں متاثرہ افراد اور پی پی پی رہنما چودھری منظور کے بھائی شبیر حسین سے ملاقات کی اور میڈيا کو بتایاکہ انجکشن ٹیسٹنگ لیب سے رپورٹ آنے پرتحقیقات کرتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائيں گے۔انجکشن کو استعمال کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔