معلومات کی فراہمی کا قانون عدالت عظیٰ پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں، سماعت کل ہوگی

26 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (عمر چیمہ) سپریم کورٹ آف پاکستان کو چار سال سے زائد عرصہ قبل معلومات کی فراہمی کیلئے بھیجی گئی ایک درخواست کے حوالے سے دائر کردہ اپیل چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ یہ اپیل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے سے چند ہفتے قبل دائر کی گئی تھی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ بدھ کو کیس کی سماعت کرے گا جس میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔ یہ اپیل چیف جسٹس کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے بعد سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی تھی ۔ یہ کیس اس بات کا تعین کرنے میں اہم ثابت ہوگا کہ معلومات تک رسائی کا حق قانون 2017ء جسے عموماً آر ٹی آئی کہا جاتا ہے، عدالت عظمیٰ پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے معلومات کی فراہمی کی درخواست اس بنیاد پر مسترد کر دی تھی کہ سپریم کورٹ پر اس قانون کا اطلاق نہیں ہوتا حالانکہ اس میں ان اداروں کے درمیان ’’وفاقی قانون کے تحت کسی بھی عدالت، ٹربیونل، کمیشن یا بورڈ‘‘ کا ذکر ہے جن سے معلومات طلب کی جا سکتی ہیں۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) نے رجسٹرار کے دلائل کے خلاف فیصلہ سنایا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے پی آئی سی کا فیصلہ معطل کردیا۔