دوست ممالک کے تعاون سےمہنگائی کم ،زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے،نگران وزیراعظم

26 ستمبر ، 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دوست ممالک کی جانب سے رقوم کی فراہمی سمیت مثبت اشاریوں نے مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم اور صنعتی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، نگران حکومت کے حالیہ انتظامی اقدامات نے پاکستانی روپے کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم سے لندن کی کیپٹل و فنانشل مارکیٹ کے سینئر رہنمائوں نے پاکستان ہائوس لندن میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے سرمایہ کاری کیلئے راہیں ہموار ہو رہی ہیں، دریںا ثنا نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سےبرطانیہ کے معروف تاجر اور بوہو گروپ کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین عبداللہ کمانی نے لندن میں ملاقات کی اور ملک میں کپاس سے ملبوسات کی پیداوار تک کی ایک جامع سپلائی چین بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ممتاز برطانوی پاکستانی تاجروں کے وفد نے بھی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔