ہردیپ سنگھ کے قتل کےخلاف سکھوں کے مظاہرے ، بھارتی پرچم نذر آتش، وزیر اعظم ٹروڈو سے اظہار تشکر

27 ستمبر ، 2023

واشنگٹن،ٹورنٹو (ایجنسیاں)کینیڈا میں مقیم سکھوں نے خالصتان تحریک کے رہنماہردیپ سنگھ نجار کے قتل کے خلاف اوٹاوا، ٹورنٹو اور وینکوور میں بھارتی سفارتی مشنوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے ۔ خالصتان تحریک کے جھنڈے اٹھائے مظاہرین نے اس موقع پر بھارتی پرچم نذر آتش کیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو اور وینکوور میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اور بھارتی پرچم نذر آتش کیا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے کو جوتے مارے۔ اوٹاوا میں سکھ مظاہرین بھارتی ہائی کمشنر کے دفتر کے باہر اکھٹے ہوئے ،مظاہرین نے خالصتان کے جھنڈے لہرائے ۔ مظاہرین نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے انکشاف پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کاشکریہ ادا کیا اور قتل کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیاتاکہ مستقبل میں سکھوں پر ممکنہ حملوں کو روکاجاسکے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ "ہم جسٹن ٹروڈو کے شکر گزار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں سکھ رہنماکے قتل کے بزدلانہ واقعے کی تہہ تک پہنچنے کیلئے جامع تحقیقات کی جانی چاہئیں۔ دوسری جانب امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ کینیڈا میں قتل خالصتان تحریک کے رہنما اور مقامی گوردوارے کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں 3 نہیں 6 ملزم ملوث تھے۔ادھرکینیڈا کے وزیر دفاع بل بلیئر نے کہا ہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر نئی دہلی کے ساتھ ہمارے تعلقات میں چیلنجنگ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اوٹاوا میں مقامی چینل سے گفتگو کے دوران بل بلیئر کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قانون اور اپنے شہریوں کا دفاع کریں۔ امریکی میڈیا نے یہ دعوی عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمرہ ویڈیو کی بنیاد پر کیا ۔امریکی میڈیاکے مطابق نجر کی گاڑی کو ملزمان کی ایک گاڑی نے پارکنگ ہی میں روکا اور اچانک نمودار 2 نقاب پوش ملزمان نے فائرنگ کی۔ ملزمان نے 50 گولیاں برسائیں جن میں سے 34 ہردیپ سنگھ نجر کو لگیں۔ امریکی میڈیا نے ہردیپ سنگھ نجر کے بیٹے بلراج سنگھ نجر سے بھی بات کی جس کا کہنا تھا کہ اس کے والد نے پولیس سے سیکیورٹی بڑھانے کا کہا تھا مگر کچھ نہیں کیا گیا۔سکھ گوردوارہ کونسل کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ نجر کی گاڑی میں ان کے مکینک نے ٹریکر لگا ہوا پایا تھا۔ جبکہ کینیڈا کے وزیر دفاع بل بلیئر نے کہا ہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر نئی دہلی کے ساتھ ہمارے تعلقات میں چیلنجنگ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اوٹاوا میں مقامی چینل سے گفتگو کے دوران بل بلیئر کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قانون اور اپنے شہریوں کا دفاع کریں۔