آئین پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، ملک بے آئین چل رہا ہے، لطیف کھوسہ

27 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (پی پی آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ آئین پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، ملک بے آئین چل رہا ہے،عدالتی احکام پر عمل نہیں ہوتا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن بھی جیل میں رکھنا قوم کی توہین ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کی ضمانت سے متعلق لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ اگر چالان پیش کر دیا جاتا تو آج چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت ہو جاتی،انہوں نے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے آج کیس کا چالان جمع نہیں کیا۔ کھوسہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن بھی جیل میں رکھنا قوم کی توہین ہے۔ اْن کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی راجہ بازار میں ہنری کسنجر کی دھمکی سے قوم کو آگاہ کیا تھا۔ لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ عدالتیں احکامات دیتی ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا، پرویز الہٰی کی کتنی بار ضمانتیں ہوئیں لیکن وہ تاحال گرفتار ہیں۔