بھارت عالمی دہشتگرد بن چکا،برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے،بیرسٹر سلطان

27 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز ) صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کینیڈا میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ خود بھارت اور اب دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور وہ اب ایک عالمی دہشت گرد بن چکا ہے۔برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر بیرسٹر سلطان نے کہا کہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی طرف سے کینیڈین پارلیمنٹ میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت اور اُس کی خفیہ ایجنسی راء کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت پیش کرنے کے بعد اب یہ واضح اور دوٹوک ہے کہ مودی سرکار پوری دنیا میں ہندوتوا کی پالیسیوں پر گامزن ہو کر دہشت گردی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے اور خود ہم کشمیریوں کو بھی آزادی کے بیس کیمپ سے بھارت کے اُس منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینا چاہیے جو کہ بھارت میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لئے مودی اختیار کر سکتا ہے ۔ اوفد میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ اینڈریو جیوائن، ناز شاہ، سیم ٹیری اور دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے یقین دلایا کہ وہ نہ صرف برطانوی حکومت، پارلیمنٹ بلکہ دیگر فورمز پر بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کیلئے موثر انداز میں آواز اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ برطانیہ میں 8اکتوبر کو ہونے والی لیبر پارٹی کی کانفرنس میں کشمیر پر قرارداد پاس کی جائے گی۔ اس موقع پرراجہ نجابت حسین، محمد اعظم، و دیگرنے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اُٹھانے کے لئے اپنا جاندار کردار ادا کریں گے۔