سائفر کیس،چیئرمینPTI کی درخواستِ ضمانت پر سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی

27 ستمبر ، 2023

اسلام آباد،اٹک( نیوز ایجنسیاں )اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت پر آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی،دوسری طرف سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس،جسٹس عامر فاروق نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس کے مطابق سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت پر آئندہ سماعت اوپن کورٹ میں ہوگی، ایف آئی اے پراسیکیوٹرز نے سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست پر اِن کیمرا سماعت کی استدعا کی ہے، پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ کیس میں حساس نوعیت کی معلومات اور دستاویزات ہیں، ٹرائل کورٹ میں درخواست ضمانت پر سماعت اِن کیمرا ہوئی، درخواست گزار کے وکیل کو بھی پراسیکیوشن کی جانب سے اِن کیمرا کارروائی کی استدعا پر کوئی اعتراض نہیں، پراسیکیوشن چاہے تو درخواستِ ضمانت پر اِن کیمرا سماعت کیلئے الگ درخواست دے سکتی ہے۔دوسری طرف سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔ کیس کی سماعت اٹک جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا ، ایف آئی اے ٹیم بھی حاضر رہی۔ شاہ محمود قریشی کیخلاف سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں ہوئی۔ جج ابوالحسنات کے عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کی حاضری لگوا کر انہیں جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ کیا ۔عدالتی عملے کی جانب سے کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آ ئی اور شاہ محمود قریشی کی سماعت 10 اکتوبر کو ہو گی ۔