سکاٹ لینڈ:یونین کی ہڑتال ،24کونسلوں میں سکول3دن کیلئے بند

27 ستمبر ، 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ٹریڈ یونین اور کونسل حکام کے درمیان مذاکرات میں ناکامی کے بعد سکاٹ لینڈ میں 24 کونسلوں کے علاقوں میں منگل سے تین دن کے لئے سکول بند کردیئے گئے ۔ یونین یونی سن نے نان ٹیچنگ سٹاف کیئر ٹیکر، کینٹین ورکرز، کلاس روم اسسٹنٹ،کلنیر اور ایڈمن سٹاف کی ہڑتال منگل سے شروع کرنے کا اعلان کیاہے جب کہ دیگر دو بڑی یونینز یونائٹ اور جی ایم بی نے ہڑتال کے معاملے کو ووٹنگ کے لئے اپنے ممبران کے پاس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونی سن کا مطالبہ ہے کہ لوکل کونسلز کے ورکرز کو کم از کم 15 پونڈ کا معاوضہ دیا جائے۔ کونسلوں کی طرف سے نئی پیشکش کے مطابق ملازمین کی کم از کم اجرت میں سالانہ 2006 پونڈ کا اضافہ ہوگا اور لونگ ویج سے زیادہ تنخواہ لینے والوں کی اجرت 1929 پونڈ بڑھے گی اور یوں لونگ ویج 10.85 پونڈ سے بڑھ کر 11.89 پونڈ ہو جائے گی اور یہ 9.6 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس پر حکومت کو 580 ملین پونڈ کے اضافی اخراجات کرنا پڑیں گے۔ مجموعی طور پر اس ہڑتال کے مختلف علاقوں میں مختلف اثرات ہونگے اورایسے علاقوں میں جہاں یونی سن کے بجائے یونائٹ اور جی ایم بی یونین کے زیادہ ممبران ہیں وہاں سکول کھلے رہیں گے۔