رازق سنجرانی کو سرکاری گھر کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس کا فیصلہ محفوظ،ریکارڈ طلب

27 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھائی رازق سنجرانی کو سرکاری گھر کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ رزاق سنجرانی کی تعیناتی اور گھر کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا۔جسٹس بابرستار نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، بہتر یہی ہے گھر جلد خالی کردیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران رازق سنجرانی کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل نے الاٹ کیا گیا گھر سرنڈر کردیا ہے۔ جسٹس بابر ستار نے وزارت پٹرولیم اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام سے استفسار کیاکہ کیا آپ ریکارڈ لائے ہیں۔ رازق سنجرانی کی تعیناتی کا ریکارڈ دکھائیں۔ نمائندہ وزارت پٹرولیم نے بتایا کہ آغاز حقوق بلوچستان کے تحت رازق سنجرانی کی تعیناتی ہوئی۔ سینڈک میٹلز کمپنی نے بعد میں رازق سنجرانی کو ریگولر کردیا تھا۔ عدالت نے پوچھا کیا رازق سنجرانی 2008میں تین سال کے لیے ڈائریکٹر تعینات ہوئے تھے۔ کیا بعد میں کوئی توسیع ہوئی۔ جو بھی ریکارڈ ہے وہ جمع کرادیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی سفارش پر رازق سنجرانی کی تعیناتی ہوئی۔ جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے 2008 میں تین سال کے لیے تعیناتی ہوئی۔ اب تو 2023 چل رہا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ حکام بتائیں کہ یہ سارا خرچہ کون دے رہا ہے؟ دوسرا نوٹس جاری کر رہے ہیں،توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔ بہتر یہی ہوگا کہ جلد وہ گھر خالی کردیں۔