ایبرڈین میں پولیس کارروائی،45000پونڈ کی منشیات ضبط، دو افراد گرفتار

29 ستمبر ، 2023

لندن (پی اے) سکاٹ لینڈ میں پولیس نے ایبرڈین میں کارروائی کے دوران45000پونڈ مالیت کی غیرقانونی منشیات ضبط کرنے کے بعد دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ سکاٹ لینڈ پولیس کا خیال ہے کہ اس نے سکاٹ لینڈ کے شمال میں45000پونڈ مالیت کی غیر قانونی ڈرگس ضبط کرنے کے بعد مجرمانہ سرگرمیوں میں کافی رکاوٹ پیدا کی ہے۔ ایبرڈین میں پولیس آفیسرز نے ایک پراپرٹی کی تلاشی کے دوران ہیروئن اور کریک کوکین کی قابل ذکر مقدار دریافت کرنے کے بعد دو افراد کو ڈرگس آفنسز کے سلسلے میں گرفتار کر لیا اور ان کو چارج کر دیا گیا ہے۔ گرفتار شدگان میں سے ایک کی عمر 29 اور دوسرے کی عمر 19 سال ہے۔ انہیں ایبرڈین شیرف کورٹ میں پیش کیا جائےگا۔ پولیس نے بدھ کو ایبرڈین شہر کی جوٹ سٹریٹ میں ایک پراپرٹی کی تلاشی لی تھی۔ ڈیٹکٹیو کانسٹیبل لیوس انگرام کا کہنا ہے کہ ہماری اس کارروائی سے مجرمانہ سرگرمیوں میں کافی خلل پڑے گا اور یہ آپریشن ڈرگس کریک ڈاؤن کے خلاف ہمارے عزم کو نمایاں کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کمیونٹیز میں منشیات کی غیر قانونی سپلائی کو روکنے کیلئے مخلص اور پرعزم ہیں اور ہم اپنی سٹریٹس سے ان غیر قانونی مادوں کو ہٹانے کیلئے اپنے اختیار میں موجود ہر ٹول اور وسائل کو استعمال کریں گے۔ لیوس انگرام نے کہاکہ اگر کسی کے پاس بھی اپنی کمیونٹی میں منشیات کے بارے میں کوئی بھی معلومات یا خدشات ہیں تو وہ 101 کے ذریعے پولیس سے رابطہ کرے۔