برطانیہ میں جشن میلادالنبیﷺ آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

29 ستمبر ، 2023

مانچسٹر (ہارون مرزا) دنیا کے دیگر ممالک کی طرف برطانیہ کے تمام شہروں میں مسلمان کمیونٹی جمعہ کو میلاد النبیﷺ روایتی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وخروش کیساتھ منائے گی۔ گلی کوچوں، مساجد، گھروں اور راستوں کو رنگ برنگی لائٹوں، برقی قمقموں اور جھنڈوں سے سجایا گیا ہے۔ برطانیہ کی مختلف مساجد، گھروں اور عبادتگاہوں میں نوافل، میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں محافل سجائی جا رہی ہیں۔ جمعہ کو خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ برطانیہ میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانیوں کی ہے، جو دیگر ممالک کے مسلمانوں کی طرح آقا دوجہاں کے یوم ولادت کو مثالی انداز میں مناتے ہیں، ہر سال روایتی جلوس بھی نکالے جاتے ہیں، جس میں مسلم کمیونٹی بھر پور شرکت کرتی ہے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات سمیت دیگر طبقات میلاد النبیﷺ منانے کے لئے سعودیہ پہنچ گئے ہیں۔ علماء اکرام جمعہ کو میلاد النبیﷺ کی محافل میں دردوسلام پیش کرنے سمیت ملک وقوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کو درپیش مشکلات سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔