سیلاب کے بعد پاکستان سے کئے وعدے پورے کئے جائیں،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

29 ستمبر ، 2023

نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک غیر رسمی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بدترین معاشی بحران پیدا ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امداد کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے 16.4ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔دریں اثناء جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور یو این سسٹم کو بحالی اور تعمیر نو کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنی چاہیے۔