فیض آباد دھرنا کیس، چیف جسٹس کی برجستگی اور حس مزاح نے کمرہ عدالت کو زعفران زار بنا دیا

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )عدالت عظمیٰ میںʼʼ فیض آباد دھرنا کیسʼʼ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی برجستگی اور حس مزاح نے کمرہ عدالت کو زعفران زار بنا دیا،ایک موقع پر اٹارنی جنرل منصور اعوان نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی کارروائی کیʼʼ لائیو سٹریمنگʼʼٹیلی ویژن پر براہ راست دکھانے کی ریٹننگ سب سے زیادہ ہے،اسے پاکستان بھارت کرکٹ میچ سے بھی زیادہ دیکھا گیا تھا ، جس پر چیف جسٹس نے ازراہ تفنن استفسار کیا کہ ʼʼ کیا لائیو اسٹریمنگ سے حاصل ریونیو میں سے سپریم کورٹ کو بھی حصہ ملے گاʼʼجس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا ،پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے بھی نظر ثانی کی درخواست واپس لینے کی اجازت طلب کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں؟تو انہوں نے کہا کہ جی ہاں مجھے یہی کہا گیا ،جس پر چیف جسٹس نے دوبارہ کہا کہ واقعی تو فاضل وکیل نے ہاں میں جواب دیا، جس پر چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہاکہ میں تیسری مرتبہ شرعی اصولوں کے تحت پوچھ رہاہوں،کہ کیا آپ واقعی نظر ثانی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے ہدایات ہیں کہ نظر ثانی کی درخواست کا دفاع نہ کریں،جس پرکمرہ عدالت ایک بار پھر قہقہوں سے گونج اٹھا۔