ن لیگ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستیں مسترد کرنیکی استدعا

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ سے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔درخواست میں مسلم لیگ ن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایکٹ بننے سے پہلے آنے والی درخواستیں نہ ہی قابل سماعت ہیں نہ ان پر حکم جاری ہونا چاہیے، کسی بھی درخواست گزار نے عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کے بارے میں نہیں بتایا۔اپنے موقف میں ن لیگ کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کے بارے میں قانون کا اختیار ہونے کا موقف میں بذات خود تضاد ہے، اگر پارلیمان سادہ ترمیم سے سپریم کورٹ بارے قانون سازی نہیں کرسکتی تو آئینی ترمیم کے ذریعے بھی نہیں کر سکتی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے خدوخال میں آئینی ترمیم کے ذریعے بھی تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔