بہتر استاد کا تعلق انکی قابلیت اور ہمارے تعلیمی نظام دونوں سے ہے ، نگران وزیراعلی سندھ

29 ستمبر ، 2023

کراچی (نمائندہ جنگ) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ بہتر استاد کا تعلق انکی قابلیت اور ہمارے تعلیمی نظام دونوں سے ہے ، ہمیں اپنے اساتذہ کو بہتر تربیت دینی ہوگی، اچھے استاد کو با اخلاق اور باکردار ہونا انتہائی لازم ہے تب ہی وہ طلبا کی صحیح طریقے سے رہنمائی کر سکیں گے۔ یہ بات انھوں نے دوربین اور زندگی ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے گورنمنٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن (GECE) حسین آباد کے دورے کے دوران کیا۔ انکے ہمراہ وزیر تعلیم سندھ رانا حسین و متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے ٹیچر ٹریننگ کے شعبے پر وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی کہ مستقبل کے اساتذہ کیلئے سیکھنے کا سازگار ماحول فراہم کرنے اور انکی تربیت کے معیار کو بڑھانے کیلئے دوربین اور جی ای سی ای کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کلاس وزٹ کے دوران طلباء اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس ایلیمنٹری کالج کے انتظامات دوربین (سماجی تنظیم) دیکھ رہی ہے اورپانچ سال پہلے یہ کالج سندھ حکومت نے شہزاد رائے کو چلانے کیلئے دیا گیا ۔ دوربین کی سی ای او سلمیٰ عالم نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ گریجوئیٹ پروگرام کیلئے ایم ایس پروگرام شروع کر رہے ہیں جبکہ اساتذہ کی ٹریننگ کا کریکیولم آکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم گاہ کی ترقی ایک اعلیٰ معیار کے استاد پیدا کرنے میں ہے اور یہ ادارہ ٹیچر ٹریننگ کالج، پاکستان میں خواہشمند اساتذہ کو اعلیٰ معیار کی B.Ed ڈگریاں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔