اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطینیوں کے حقوق کی نفی ،ختم نبوت کانفرنس

29 ستمبر ، 2023

لاہور،چنیوٹ (خبرنگار،نمائندہ جنگ) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام چناب نگر (ربوہ) کے قدیمی مرکز جامع مسجد ا حرار میں 46ویں دو روزہ سالانہ شہدائے ختم نبوت کانفرنس قائد احرار سید محمد کفیل بخاری کی زیر سرپرستی شروع ہوگئی۔ پہلے اجلاس کی صدارت نائب امیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کی ۔ شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدا لراشدی نے خطاب میں کہا اسرائیل کو تسلیم کرنے کامطلب فلسطینی عوام کے انسانی اور سیاسی حقوق کی نفی ہے، مقدس شخصیات اور شعائر اسلام کی اہانت کسی سطح پر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ارتدادی سرگرمیوں کا تعاقب کرنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں اور یہ سارا فیض اکابر احرار اور فرزندان امیر شریعت کا ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ مارچ 1953ء میں وقت کے ہلاکوئوں نے دس ہزار عاشقان رسول ؐاور مجاہدین ختم نبوت کے مقدس خون سے ہاتھ رنگے۔مولانا تنویر الحسن احرار، سید عطاء المنان بخاری اور دیگر نے کہا کہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ ہو کر رہے گی۔