سٹاک مارکیٹ میں پھر مندا ، ملکی سیاسی معاشی صورتحال اثر انداز

29 ستمبر ، 2023

لاہور(سودی)رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعرات کو سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندے پر ہوا، آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی کم ہو گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھر مندا اور اتار چڑھائو آخر تک چلتا رہا۔ اس دوران انڈیکس میں 105پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 187پوائنٹ کی کمی بھی۔ کاروباری حجم میں گزشتہ روز بھی اضافہ نہ ہو سکا جبکہ سیل کا پریشر زیادہ تھا، سرمایہ کار آنے والی چار چھٹیوں کا رسک لینے سے بھی گریز کرتے رہے اور انہوں نے بھاری خریداری بھی نہ کی۔ مارکیٹ پر منفی اثر انداز ہونے والے عناصر میں ملکی معاشی اور سیاسی حالات سرفہرست تھے جبکہ مسلسل نقصانات کے باعث سرمایہ کار بھی روز بروز سائیڈ لائن ہو رہے ہیں۔ اسی طرح رزلٹ سیزن ختم ہونا اور بعض کمپنیوں کی طرف سے توقع کے مطابق مالیاتی نتائج نہ آنا، رول اوور ویک کا آخری دن ہونا، وزیر خزانہ کی طرف سےمراعات نہ دینے کا اعلان بھی باعث تھے جبکہ مثبت خبروں میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر بڑھنا شامل تھا۔ گزشتہ روز بینکوں اور میوچل فنڈز کی نیٹ سیل تھی جبکہ نجی سرمایہ کاروں اور بروکروں نے نیٹ خریداری کی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 132پوائنٹ کم ہو کر 46233پر آ گیا۔ 122کمپنیوں میں اضافہ، 183میں کمی، 22میں استحکام رہا۔ 17کروڑ 76لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔