پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق کسی بھی ملک کی پیروی نہیں کریگا، وزیر خارجہ

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق کسی بھی ملک کی پیروی نہیں کریگا ، اسرائیل کے بارے میں پاکستان کا موقف مستقل ہے ،پاکستان کسی ملک کی تقلید نہیں قومی مفاد پر فیصلہ کرے گا، ہمارے لیے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین ایک جیسے ہیں، پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی سوچ نہیں پائی جاتی،۔ وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نےکہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر متعدد کانفرنسز میں شرکت کی،مختلف کانفرنسز سے خطاب بھی کیا، نگران وزیراعظم نے دورہ امریکا کے دوران ایران اور ازبکستان کے صدور اور چین کے نائب صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، وہاں انہوں نے بل گیٹس سمیت مختلف رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کیں، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں وکشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی اور او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر نے واضح الفاظ میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کا اعلان کیا۔