چین کی جانب سےسی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنےکی خبریں بےبنیاد : وزارت منصوبہ بندی

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)وفاقی وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہےکہ چین کی جانب سے سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنےکی خبریں بے بنیاد ہیں۔وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان اور چین سی پیک کا دائرہ مختلف شعبوں میں وسعت دینےکے لیے پرُعزم ہیں، سی پیک کی بدولت پاکستان کے انفرااسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئی ہے، مختلف شعبوں میں جدت آئی ہے اور ان کی صلاحیت میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہےکہ چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو آبی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے۔