ثبوت ہیں شعیب شاہین بکا ہوا ہے شیرافضل مروت کا پھر الزام پارٹی کا ترجمان ہوں ، ضروری نہیں شیر افضل کی ہر بات کا جواب دوں ، شعیب شاہین

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (عاصم جاوید) پاکستان تحریک انصاف لیگل ٹیم کے دو سینئر ارکان اپنے اپنے موقف پر ڈٹ گئے۔ پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے وکیل شیر افضل مروت نے جمعرات کو ایک بار پھر الزامات دوہراتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی شعیب شاہین ایڈووکیٹ کا نام لکھے بغیر ٹویٹ کی تھی کہ لیگل ٹیم میں غدار موجود ہے ، میرے پاس ثبوت ہیں کہ یہ شخص بکا ہوا ہے ، شعیب شاہین کو فواد چوہدری کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس لایا گیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور لیگل ٹیم کے رکن شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ میں شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کی ہر بات کا جواب دوں اختلافات ہر جگہ اور تمام جماعتوں میں ہوتے ہیں ، پارٹی کے اندر الزامات در الزامات سے سیاسی جماعتیں نہیں چل سکتیں ، ایسی باتوں میں الجھ کر بڑے کاز کو پس پشت نہیں ڈال سکتے ، میں پارٹی کا ترجمان ہوں اور جو میرا موقف ہے وہی پارٹی کا موقف ہے،۔ادھر پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے شو میں ہاتھا پائی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناخوشگوار واقعہ تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو برا بھلا کہنے پر سینیٹر افنان اللہ کی ٹریٹمنٹ بنتی تھی ، انہوں نے میری بات کاٹ کر عمران خان کو بوٹ چاٹ ، بوٹ پالشیا اور یہودی کہاپھر میں کھڑا ہو گیا اور میں نے کہا کہ خاموش ہو جائیں۔ انہوں نے مجھے اشتعال دلایا۔ جو ٹریٹمنٹ انہیں ملی ہے میرا خیال ہے کہ مناسب ہے۔ اس میں ٹاک شو کے میزبان کا کوئی قصور نہیں ۔