زرعی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش،پنجاب اس سال 2 ارب ڈالر کا اضافی چاول ایکسپورٹ کریگا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی

29 ستمبر ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب میں کپاس کے بعد چاول کی پیداوار میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوگیا ، پنجاب رواں سال 2ارب ڈالر کا اضافی چاول ایکسپورٹ کرے گا،وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فصلوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی - بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں رواں سال مجموعی طورپر 3ارب ڈالر کاچاول برآمد کیاجائے گا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 100فیصد اضافہ ہوگا-وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری زراعت او ران کی ٹیم کو کاٹن کے بعد چاول میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر شاباش دی-وزیر اعلی نے کہا اگلے دو سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوں گی -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی- صوبائی وزیرصنعت وزراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے اورٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی -پنجاب میں گندم کی پیداوار کا ابتدائی ہدف 40ملین ٹن مقررکردیا گیاہے اورزیادہ پیداوار کے لئے کوالٹی سیڈ اور 15نومبر تک گندم کی بوائی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ صوبہ میں 19لاکھ ایکڑ اراضی پر تیل دار اجناس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیاہے، وزیراعلی نے الحمراء آرٹ گیلری میں خطاطی کی نمائش بھی دیکھی ۔