ایف بی آر کی ٹیکس وصولی IMF کیساتھ طے شدہ ہدف سے تجاوز

29 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 47 ارب روپے کے مارجن کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ٹیکس وصولی کے ہدف سے تجاوز کر لیا ہے جیساکہ جولائی تا ستمبر کی مدت کے لیے 1977 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں عارضی وصولی 2024 ارب روپے رہی۔چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے دی نیوز کو بتایا کہ ایف بی آر کو ستمبر 2023 میں 794 ارب روپے جمع کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن 28 ستمبر 2023 تک ایف بی آر کی عارضی وصولی 816 ارب روپے رہی۔ پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کی مدت کا ہدف 1977 ارب روپے رکھا گیا تھا لیکن ایف بی آر کی وصولی 28 ستمبر 2023 کو 2024 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ دریں اثناء ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ٹیکس دہندگان کو متعلقہ چیف کمشنرز سے درخواست دائر کرنے کی اجازت ہوگی کہ وہ 15 دن تک کسی جرمانے کے بغیر ریٹرن فائل کرنے کی اجازت دیں۔ ایک الگ پیش رفت میں حکومت نے ایف بی آر میں اصلاحات لانے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کردی۔