9 مئی کے مجرموں کو الیکشن نہیں لڑنے دیںگے، رانا ثناء

29 ستمبر ، 2023

گوجرانوالہ(جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہاہے کہ 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملوں کی تفتیش آرمی نے ہی کرنی ہے، جس جتھے نے 9 مئی بپا کیا انہیں اپنا جرم فیس کرنا ہوگا، کسی کا جرم اس لیے معاف نہیں کیا جا سکتا کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے،9 مئی کے مجرموں کو الیکشن نہیں لڑنے دینگے، گوجرانوالہ میں مشاورتی اجلاس کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آ رہے ہیں، ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کریں گے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل بتائیں گے۔ بار بار سازش کے ذریعے نواز شریف کو نکال کر ترقی کا سفر روکا گیا، 1999 میں لوڈ شیڈنگ اور خود کش حملوں کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا،21 اکتوبر کو ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہونا ہے۔ اگر نواز شریف کا استقبال ویسا ہوا جیسا ہم چاہتے ہیں تو ترقی کا سفر ٹھیک سے آگے بڑھے گا، جب تک کارکنان ذاتی طور پر ذمہ داری نہیں لیں گے اس وقت تک بات نہیں بنے گی۔ نواز شریف انتقام پر یقین نہیں رکھتے، شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر ملک کی خاطر فتنے کو ساتھ بیٹھنے کی پیشکش کی، بلاول بھٹو نے اٹھ کر شہباز شریف کی تائید کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین اٹھے اور کہنے لگے میں ساتھ نہیں بیٹھوں گا، تم سب کو جیلوں میں بند کروں گا۔