یوسف رضا گیلانی نے نیب قانون بحالی کو الیکشن کی لیول پلیئنگ فیلڈ قرار دیدیا

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے نیب قانون کی بحالی کو الیکشن کی لیول پلیئنگ فیلڈ قرار دے دیا،سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب قانون کی بحالی کے بعد سابق صدر، تمام سابق وزرائے اعظم، چاہے وہ جیل میں ہیں یا ملک سے باہر، سب ایک صف میں کھڑے ہوگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ الیکشن میں زیادہ رہنمائوں کی شمولیت سے الیکشن کی ساکھ بڑھے گی، نواز شریف آئیں، ہم ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں،یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایسا کوئی شک نہیں ہے کہ الیکشن جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں نہیں ہوں گے،ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان بھی کر دے تو لوگوں میں اضطراب ختم ہوجائے گا۔