9مئی واقعات کا تحریک انصاف اور چیئرمین پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں،پی ٹی آئی

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے 9مئی واقعات کا الزام چیئرمین پی ٹی آئی، قائدین اور کارکنان پرعائد کرنے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)کی رپورٹ کو مسترد کردیا،پی ٹی آئی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 9مئی کے واقعات کا تحریک انصاف خصوصا چیئرمین پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، من گھڑت رپورٹ 9مئی واقعات کے حقیقی ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش ہے،ترجمان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے بعد سپریم کورٹ میں9مئی واقعات کی مذمت کی تھی، 9 مئی کی گرفتاری کو بھی سپریم کورٹ نے مکمل غیرآئینی اور غیر قانونی قرار دیا تھا،ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادانہ تحقیقات تک جعلی جے آئی ٹی رپورٹس کی کوئی حیثیت نہیں، جے آئی ٹی کی من گھڑت رپورٹ کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کریں گے،انہوں نے کہا کہ 9مئی کے حقیقی ذمہ داروں کے تعین کیلئے قانونی، آئینی و سیاسی راستہ اختیار کریں گے۔