FATFسفارشات کو بطورہتھیار استعمال کرنے پر بھارت جوابدہ ٹھہرانا چاہئے،ایمنسٹی

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت کے سول سوسائٹی کے حقوق غصب کرنے کے اقدامات پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے اور ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کیلئےفنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی سفارشات کا فائدہ اٹھا رہی ہے ،بھارتی حکومت ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر بنائے گئے قوانین کے تحت ناقدین پر دہشت گردی کے کیس بھی بنا رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے سربراہ آکر پٹیل نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھارتی حکام کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیئے،بھارت میں انسانی حقوق کے کارکن دہشت گردی سے نمٹنے کے بہانے ہراساں کیے جانے، چھاپوں، تحقیقات اور قانونی مقدمات سے مسلسل خوف میں رہتے ہیں۔ بھارت کلبھوشن یادیو جیسے کارندوں سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرواتا ہے، منی پور میں بھارتی حکومت ظالم قوانین کا استعمال کرتی رہی ہے اور کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھی بھارت ملوث ہے۔ یقیناً اس کارروائی میں فنانشنل ٹرانزیکشنز بھی ہوئی ہوں گی جو دہشت گردی کے زمرے پر پورا اترتی ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو بھارت کی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے عملی اقدامات لینے چاہئیں۔