حکومت دہشت گردی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑنے کیلئے پرعزم ہے، نگران وزیراعظم

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑنے اور دہشتگردی کے واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہے۔ پی ایم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاں برطانیہ کے خارجہ دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے وزیر جیمز کلیورلے سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کہی۔ برطانوی وزیر خارجہ نے ہنگو اور مستونگ میں دہشتگردی کے حملوں کی مذمت کی اور ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی امید بھی ظاہر کی۔ نگران وزیراعظم نے یکجہتی کا اظہار کرنے پر برطانیہ کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے اور دہشتگردی کے واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔