مینگل آباد زرغون روڈ میں ناقص تعمیراتی منصوبے سے سیوریج سسٹم متاثر

01 اکتوبر ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مینگل آباد زرغون روڈ میں ناقص تعمیراتی منصوبےکے باعث مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ پہنور ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ حاجی ہزار خان پہنور حاجی اللہ بخش اسد قریشی حاجی ایوب محمد یاسین ممتاز جمالی ظفر اللہ عبدالحلیم عبدالمالک اور محمد عارف نے بتایا کہ ناقص ترقیاتی منصوبہ عوام کیلئے زحمت بن گیا ٹف ٹائل کی تنصیب کے بعد مکانات سڑک سے نیچے ہو گئے ہیں جس سے نالیوں کا گندہ پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے ۔اگر علاقہ مکینوں کی مشاور ت سے ترقیاتی منصوبہ تشکیل دیا جاتا تو اس کی افادیت ہوتی ۔ صفائی کی صورتحال بھی نا گفتہ بہ ہے جا بجا کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کے باعث ہر طرف تعفن پھیلا ہوا ہے ۔انہوں نے نگران وزیر اعلی میر علی مردان خان ڈومکی اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ شہر کے اہم علاقے میں مسائل پر توجہ دی جائے ورنہ ہم احتجاج پر مجبور ہوں گے۔