دہشتگردی کیخلاف قوم متحد‘ شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے‘ وزیراعلیٰ ڈومکی

01 اکتوبر ، 2023

کوئٹہ (خ ن)نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ژوب کے علاقہ سمبازہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں چار سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف پوری دلیری اور جوانمردی سے کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا ،قوم کو اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے ہمارے سیکورٹی اداروں نے ہمیشہ ملک کی بقاء اور سلامتی کے لئے قربانیاں دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ درایں اثناء نگران وزیر داخلہ میر زبیر جمالی نے سمبازہ میں فورسز پرحملے کے نتیجے میں 3جوانوں کی شہادت پردلی دکھ اوررنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگری کے خاتمے تک پوری قوم متحدہوکراس کامقابلہ کرتی رہے گی، وزیر داخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعاکی۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے سمبازہ میں دہشت گردوں کی در اندازی روکنے کے دوران چار سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی اہلکار قوم کے ہیرو ہیں،جنہوں نے جرأت کے ساتھ در اندازی ناکام بنا کر تین دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا،قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے عزم و استقلال کو شکست نہیں دے سکتے۔ جان اچکزئی نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔