کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عیدمیلادالنبیؐ عقیدت و احترام سے منائی گئی

01 اکتوبر ، 2023

کوئٹہ +بیلہ(اسٹاف رپورٹر+نامہ نگار)کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں عید میلادالنبیﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے مختلف جلوس میاں اسماعیل مسجد وفا روڈ،کرانی ،سریاب روڈ،قمبرانی روڈ ،جائنٹ روڈ،جیل روڈ،بروری روڈ،پیر ابوالخیر روڈ مشرقی و مغربی بائی پاس سے برآمد ہوئے اور باچا خان چوک پرمرکزی جلوس میں شامل ہوگئے ،اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔مختلف جلوسوں کی قیادت شہزاد عطار قادری،مولانامختار حبیبی، مفتی محمد جان قادری، مولانا عباس قادری،پروفیسر صالح محمد لانگو ،علامہ احمد رضا قمبرانی،مولانا در محمد چشتی،صاحبزادہ خورشید احمد شاہ، مولانا محمد علی جتک ،پیر ابراہیم آغا مجددی سمیت دیگر علماء نے کی۔ جہاں علماء نےسرور کائنات محسن انسانیت حضرت محمدﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔قبل ازیں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا ،کوئٹہ سمیت ڈویژنل وڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں سیرت کانفرنسزہوئیں، نماز فجر میں علماء نےملکی سلامتی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ دوسری جانب شہر بھر کی مساجد ،مدارس ،سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیاتھا، شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے گھروں پر بھی چراغاں کیا تھا جبکہ میٹروپوولیٹن کارپوریشن و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی مختلف شاہراہوں پرخیر مقدمی گیٹ نصب کئے گئے تھے۔ بیلہ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع لسبیلہ میں جشن عید میلاد النبی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل سمیت بیلہ ، لاکھڑا اور کنراج کے شہروں اور دیگر علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور اجتماعات ہوئے جن میں عاشقان رسول کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔