ہا کی، پاکستان کوبھارت کے ہاتھوں بڑے مارجن سے ذلت آمیز شکست کا ریکارڈ

01 اکتوبر ، 2023

کراچی(نمائندہ جنگ )ہا کی کے میدان میں ہفتے کو بھارت کے خلاف پاکستان کی دو کے مقابلے میں دس گول سے شکست کسی بھی انٹر نیشنل میچ میں یہ پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں یہ سب سے بڑی نا کامی ہے اس سے قبل1982 کے ایشین گیمز میں پاکستان کو دو کے مقابلے میں سات گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ2017میں ورلڈ ہاکی لیگ میں بھی اسی سکور سے شکست ہوئی تھی۔بھارت نے ہفتے کو پاکستان کو دو کے مقابلہ میں دس گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ پاکستان اور جاپان کے مابین سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ کن میچ ابھی باقی ہے جوکہ 2 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود بھارتی ہاکی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر موجود پاکستان ہاکی ٹیم کو تگنی کا ناچ نچادیا،پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان اور رانا عبدالوحیدنے گول اسکور کئے۔دریں اثناء ایشین گیمز میں میزبان چین نے میڈلز کی ڈبل سنچری مکمل کرلی، اس کے تمغوں کی تعداد216ہوگئی ہے جس میں114گولڈ68سلور اور34برانز میڈلز شامل ہیں، جاپان اور کوریا نے میڈلز کی سنچری مکمل کرلی، جاپان نے28گولڈ کے ساتھ104اور کوریا نے27گولڈ میڈلز کے ساتھ109میڈلز جیت رکھے ہیں، جاپان دوسرے اور کوریا تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان ایک سلور اور ایک برانز میدل کے ساتھ میڈلز ٹیبل پر28ویں پوزیشن پر ہے، اس ٹیبل پر36ملکوں نے قبضہ جمایا ہوا ہے۔