پہلی سہ ماہی، FBR کا ٹیکس وصولی ہدف 64 ارب روپے کے فرق سے عبور

01 اکتوبر ، 2023

اسلام آباد (مہتاب حیدر) 30 ستمبر 2023 تک 1.89 ملین کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مطلق تعداد میں محض معمولی اضافہ کے ساتھ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے لیے ٹیکس وصولی کے ہدف کو 64 ارب روپے کے فرق سے عبور کر لیا ہے۔ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ 1977 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 2041 ارب روپے اکٹھے کرلئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایف بی آر نے 64 ارب روپے کے فرق کے ساتھ اپنے ہدف کو عبور کرلیا ہے۔ ستمبر 2023 کے لیے ایف بی آر نے 799 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 834 ارب روپے کا محصول اکٹھا کیا اس لیے صرف جانے والے مہینے کے لیے 35 ارب روپے کے فرق کے ساتھ ہدف سے تجاوز کر گیا۔ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو مزید بتایا کہ ایف بی آر کو رواں مالی سال کے لئے 1.890 ملین ریٹرنز کے انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے جبکہ 30 ستمبر 2022 کے اختتام تک 1.875 ملین ریٹرن موصول ہوئے۔