الربیع الاوّل
الربیع الاول پہلی بہار کو کہتے ہیں۔ سید العالمین سرتا پا رحمت پوری کائنات کیلئے جونہی اس جہان رنگ و بو میں ظاہر ہوئے، آتش کدہ فارس کی آگ کا شعلہ بجھ گیا۔ کسریٰ کے محل کے کنگرے گر گئے، سوکھے درختوں پر پتے لگ گئے، یہ مبارک گھڑی تھی جس نے اس دنیا کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی کی طرف جادہ پیما کیا، آج تمدن اور تہذیب انسانی جس مقام پر ہے اس کا نقطۂ آغاز فخر کائنات کی ولادت باسعادت ہے، آپ کی تعلیمات و اعمال نے اس جہان میں جان ڈال دی ورنہ یہاں تو جہالت کا دور دورہ تھا۔ آج دنیا بھر میں علوم وفنون کا عام ہونا صاحب اِقرا صلی اللہ علیہ وسلم کا اعجاز ہے۔ محمد مصطفیٰ احمد مجتبیٰ رحمۃ اللعالمینؐ پوری انسانیت کیلئے نور ہدایت ہیں۔ مورخین نے غزوہ بدر کو دنیا کا ٹرننگ پوائنٹ قرار دیا، یہ ایک نمایاں قدسی کارنامہ ہے کہ 23 برس میں آپ نے پوری دنیا کا نقشہ اور تہذیب و تمدن بدل دیا، تاریخ میں کسی شخصیت کا اس قدر ذکر نہیں ہوا جو’ ورفعنا لک ذکرک‘ کا تاج سجائے سب سے عظیم انسان محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہوتا رہتا ہے، ان کی زندگی کا ہر لمحہ انسانوںکیلئے شمع ہدایت ہے، ان کے کسی قول کا انکار نہیں کیا جاسکا، جو بدنصیب افراد ان کی توہین کرتےہیں وہ اپنے لئے راستے دشوار بناتے ہیں، جبکہ ان کے ہاں بھی ترقی سید العالمینؐ کے نور ہدایت کی بدولت آئی، بنیادی سائنسز میں مغرب اور یورپ مسلم سائنسدانوں کے خوشہ چیں ہیں، بلکہ ان کے کئی طالب علم بغداد کی عظیم یونیورسٹی ’’النظامیہ‘‘ سے سائنسز کی تعلیم حاصل کرتے تھے آج مسلم امہ اسوۂ حسنہ سے دور چلی گئی ہے یہی وجہ ہے تفوق اور غلبہ ان سے روٹھ گیا، آج بھی ہم مسلم سیرت طیبہ سے استفادہ کریں تو اپنے زریں عہد رفتہ کی بلندیوں کو پا سکتے یں، محمد عربی رسول خاتم الزماںؐ نے یہ سوچ ہمارے لئے اپنےپیچھے چھوڑی کہ اپنی ذات کی اصلاح سے ابتدا کرو کسی کو برا نہ جانو، کسی کے مذہب کی توہین نہ کرو، متشدد رویوں سے دور رہو، الربیع الاول کے 30 دن ہماری عید ہیں۔آج ہم ہر طرف’ ورفعنا لک ذکرک‘ کی تعبیریں، تفسیریں دیکھ رہے ہیں۔
٭٭٭٭
بینائی چھین ٹیکہ
جب زندگی چھین ادویات مارکیٹ میں عام دستیاب ہوں تو بینائی چھین ٹیکہ کونسی نئی بات ہے اور کسی کی جان جائے، آنکھ کی روشنی جائے، کسی کےباپ کا کیا جاتا ہے، پاکستانی قوم کے غیر اشرافیہ طبقہ کو بہت طویل عرصے سے ٹیکہ لگایا جا رہا ہے کچھ اس کا بھی علاج اے چارہ گراں ہے کہ نہیں؟ہم کتنا بھی متقی بنیں، غیر جانبداری کا دعویٰ کریں، جب اللہ کرسی پر بٹھاتا ہے تو اپنی ذات سے آگے نظر ہی نہیںآتا، یہ ٹیکہ تو ایسی آنکھوں کیلئے موزوں تھا مگر برق گرتی بے چارے عوام پر، جہاں کھانسی کے شربت کو ڈاکٹر کہا جائے کہیے وہاں آپ کسی معقولیت کی توقع رکھ سکتے ہیں، اس وقت لوگ باگ بے چارے ویسے تو زندہ ہیں مگر لاشوں کی صورت، انہیں جعلی ڈاکٹرز یا دو نمبر دوائیوں سے کیا ڈر؟چند خاندانوں نے جی بھر کے 76 سال حکومت کی، کیا بروز قیادت وہ ٹاپ کے وکلا ڈھونڈیں گے۔ وطن عزیز کی ہر قسم کی اشرافیہ کو ایک طرف رکھ دیں، رہ گئے کروڑوں عوام تو ان سب کا اس وقت ایک ہی عقیدہ ہے جو اشرافیات جانتی ہے، اگر یہاں پر ایک اپنے مختص دائرہ کار ہی تک محدود رہے تو اس ملک کو ٹاپ گیئر میں ڈالا جا سکتا ہے، خدا کرے کہ ہم سب اپنے ملک اپنی قوم اور اپنے جمہوری نظریئے سے وفا دار ہو جائیں تو نہ مہنگائی ہوگی اور نہ قوموں کی صف میں پچھلی صفوں میں کھڑے ہوں گے۔ جہاں تک بینائی کشید ٹیکوں کا تعلق ہے تو حسب معمول مٹی پائو فارمولا استعمال کریں کہ عوام الناس مریں اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے، اس وقت بجلی، پٹرول کی مہنگائی نے سب کو جان لیوا ٹیکہ لگا دیا، بہرحال حکومت کا کوئی قصور نہیں ہماری قسمت ہی خراب ہے۔
٭٭٭٭
حوصلہ رکھیں
جن کا گھر پورا ہے وہ ادھورے گھر والوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہتے ہیں حوصلہ رکھیں، اللہ کرم کرے گا، یہ انداز ِہمدردی امرا کا ہے، ان کے پاس حرام ہے یا حلال، بے حساب ہے، عام آدمی کے پاس حرام ہے نہ حلال، کیونکہ مہنگائی اس قدر شمشاد قامت ہے کہ غریب عوام اس کے سامنے پستہ قد ہیں بلکہ’ ہر چند کہیں کہ ہے نہیں ہے ‘جو لوگ مسلسل اقتدار میں رہے ان کے اندر غصے کا طوفان ہے کہ تھمتا نہیں اور ایک نفرت ہے ان میں جو بادشاہ گر تو ہیں رہتے غلام ہیں یا بنا دیئے جاتے ہیں، قدرت کاقانون ہے کہ گمراہی کے بعد ہدایت غم کے بعد خوشی، مشکل کے بعد آسانی، اس لئے حوصلہ رکھیں، یہ رات ڈھل جائے گی آنے والے دن بہت سہانے ہوں گے۔ یہ دنیا ہے یہاں کی زندگی ایک دھوکے کا سامان ہے۔ قرآن حکیم نے یہی کہا ہے، اس لئے جو لوگ اس دنیا کا سازو سامان وافر مقدار میں جمع کرتے ہیں ان کی شاید سوچ ہوتی ہے کہ ملک میں دولت والا ہی طاقتور ہے اس لئے زندگی کو دولت کے انبار لگانے میں صرف کردیا جائے تاکہ اقتدار میں اس کے خاندان کی انٹری برقرار رہے، افسوسناک صورت یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم بھی ایک خصوصی طبقہ ہی حاصل کرسکتا ہے، غریب آدمی اپنے بچوں کو اعلیٰ کیا ادنیٰ تعلیم بھی نہیں دلا سکتا،گورننس جو 76 برس کی ہوگئی ہے اس کی صحت کبھی اچھی نہیں رہی، اگر غیر اشرافیہ طبقہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرے تو گورننس بہتر ہوسکتی ہے، ہماری مراد ہے کہ عام آدمی بھی اچھی زندگی گزار سکے گا، ہمارے اب تک کے نظام میں کافی سقم ہے، بڑا ستم یہ ہے کہ ڈبل اسٹینڈرڈز کی بَلے بَلے ہے، غربت کیوں ہو؟ اس کا خاتمہ آج ترقی یافتہ ملکوں نے کرلیا ہے، ہم نے روز اول سے اس جانب توجہ ہی نہیں دی ورنہ قدرت نے تو پاکستان کو اس قدر قدرتی وسائل دیئے ہیں کہ اگر حکمران ملک کو ترقی دینے کی خلوص دل سے اقدامات کرتے تو آج عام لوگوں کی یہ حالت نہ ہوتی کہ پائوں ڈھانپتے ہیں تو سر ننگا، اور سر ڈھانپیں تو پائوں ننگے رہ جاتے ہیں۔
٭٭٭٭
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج سے تعاون کریں
...oرانا ثناء کہتے ہیں 9 مئی کے مجرموں کو الیکشن نہیں لڑنے دیں گے۔رانا صاحب واقعی راجپوت ہیں بات کرجاتے ہیں۔
...oسپریم کورٹ نے افسران کیلئے ’’صاحب‘‘ کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا۔
ہم عدالت عظمیٰ کے حکم میں اپنی آزادی دیکھ رہے ہیں، اگر غلامانہ ذہنیت ختم ہو تو ہم اپنی آزادی جیسی نعمت کو انجوائے کرسکیں گے۔ صاحب لوگ اب بہتر ہے کہ اپنا نام خادم خلق رکھ لیں ان کو اجر ملے گا۔
...oدہشت گردی کے خلاف پوری قوم اٹھ کھڑی ہو، چوکنا رہیں اور اپنے ارد گرد نظر رکھیں کہ کوئی برے عزائم تو نہیں رکھتا، یا کسی نے کسی دہشت گرد کو مہمان تو نہیں بنا رکھا، ہم اپنی فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ تعاون کریں اور آنکھیں کھلی رکھیں، اس فتنے کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو بیدار رہنا ہوگا۔
٭٭٭٭
مزید خبریں
-
بلوچستان، جو اپنی قدرتی وسائل، جغرافیائی محل وقوع، اور منفرد ثقافتی ورثے کے حوالے سے دنیا میں خاص مقام...
-
ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر وائٹ ہاؤس کے راج سنگھاسن پرآخرکار براجمان ہونے میں کامیاب ہوگئے...
-
بجلی تو صارفین کو کم کم ہوئی نصیبالبتہ ان پاس ہزاروں کے آئے بل ’’آ عندلیب مل کے کریں آہ و زاریاں ‘‘’’تو...
-
اربوں انسان مذاہب سے روحانی و دنیاوی راہ نمائی حاصل کرتے ہیں، مذہبی احکامات کی روشنی میں اچھا انسان بننے کی...
-
حفیظ جالندری پبلک ریلیشن کے ایک قومی ادارے کے سربراہ بھی رہے۔ ان کے ماتحت صفِ اول کے ادیب تھے اور کہا جاتا ہے...
-
کیا عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بے گناہ ہیں؟ القادر ٹرسٹ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے بعد نونہالان...
-
سوال کیا گیا کہ پاکستانی میڈیا پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اپوزیشن رہنمائوں کے بیانات اور...
-
نیب کی ٹرائل کورٹ سے عمران خان کو 14 اور ان کی بیگم بشریٰ صاحبہ کو 7سال قید کی سزا نے پاکستان میں ٹھہرائو آتے...