نوازشریف نے سازش کرنیوالوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا، اسحٰق ڈار

01 اکتوبر ، 2023

لندن(جنگ نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈارلندن سے پاکستان روانہ ہو گئے ہیں ،وہ دوبئی سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچیں گے،اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے اپنے خلاف سازش کرنے والوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ،لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا مسلم لیگ (ن) کے قائد نے 2017 میں ہی کہہ دیا تھا کہ میں نے اپنے خلاف سازش کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیا ہے، اور اب دیکھیں کتنی جلدی ان کے خلاف سازش میں ملوث لوگوں کا کردار بے نقاب ہوا ہے ، اگر اللہ تعالیٰ نے ان کرداروں کو اتنی جلدی بے نقاب کیا ہے تو اللہ تعالیٰ ان کے بدلے بھی دلوائیں گے، کوئی کہیں منہ چھپا رہا ہوتا ہے، کوئی کہیں سماجی تقریبات سے بھاگ رہا ہوتا ہے تو یہ سب کیا ہے، یہ سب اللہ تعالیٰ دکھا رہے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سازش کے باعث پاکستان کی ترقی کئی دہائیوں پیچھے چلی گئی ،انہوں نے کہا دو راستے ہیں، یا تو آپ ملک ٹھیک کریں یا انتقام لیں، میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کی پوری توانیاں ماضی کی طرح قوم کی بہتری اور ملک کی ترقی، خوش حالی اور اس کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہوں گی ، دیگر جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے