ایم 9 کے سوا موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر اضافی جرمانوں کا اطلاق شروع

01 اکتوبر ، 2023

کراچی(افضل ندیم ڈوگر )نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے جرمانوں کا اطلاق آج رات سے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق ملک بھر کے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پر سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو اب نئی شرح سے جرمانہ ادا کرنا ہوں گے۔ موٹروے پولیس ذرائع کے مطابق جرمانوں کی اس نئی شرح کا اطلاق موٹروے ایم نائن پر سفر کرنے والوں کے لیے نہیں ہے۔ کراچی حیدرآباد کے درمیان سفر کرنے والے شہری خلاف ورزی کی صورت میں پرانی شرح کے جرمانے ادا کریں گے۔ نئی شرح کے مطابق موٹر وے پر بغیر لائٹ گاڑی چلانے کا جرمانہ ایک ہزار روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایمرجنسی وہیکل کے راستے میں رکاوٹ بننے کی صورت میں جرمانہ 500 کی بجائے پانچ ہزار ادا کرنا ہوگا۔ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کی صورت میں بھی جرمانہ 750 نہیں اب پانچ ہزار روپے دینا ہوگا۔ سیٹ بیلٹ نہ پہننے والوں کو 1500 روپے جرمانہ دینا ہوگا۔ موٹروے پر رکنے کے اشارے کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ 500 کی بجائے 3 ہزار روپے کیا گیا ہے۔